Powered by
UI
Techs
Get password?
Username
Password
ہوم
>
سوالات
>
معاشرتی مسائل
مینو
<< واپس
قرطاس موضوعات
نئے سوالات
سب سے زیادہ پڑھے جانے والے
سوال پوچھیے
ایک سے زائد شادیاں
سوال پوچھنے والے کا نام .
تاریخ:
1
اگست
2009
- ہٹس: 3338
سوال:
صحابۂ کرام نے جس بے تکلفی سے شادیاں کی ہیں، اس کی کیا وجہ ہے؟ کیا عورت کا مقصد تخلیق صرف مرد کو آسودہ کرنا ہی ہے؟
جواب:
اس معاملے میں ایک بات اصول کے لحاظ سے سمجھ لیجیے کہ قرآن مجید نے ہمیں یہ بتا دیا ہے کہ صحیح گھر اللہ کی بنائی ہوئی فطرت کے مطابق ایک مرد و عورت کے فیصلے سے بنتا ہے۔ اور یہ بات اس طرح بتائی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آدم علیہ السلام کے لیے جب جوڑا بنایا تو ایک ہی عورت بنائی، ایک سے زیادہ نہیں بنائیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے یہ رہنمائی دے دی کہ انسانی فطرت اگر صحیح گھر بنانا چاہتی ہے تو اس کے لیے یہی طریقہ ہوگا۔ اس کے بعد ایک دوسرا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اور وہ انسانی تمدن کی ضروریات کا مسئلہ ہے۔ یعنی انسان جس طرح اب زندگی بسر کر رہا ہے، ہمیشہ سے ایسے زندگی بسر نہیں کرتا رہا۔ ہم اپنے زمانے کے حالات کو دیکھ کر بعض اوقات ماضی کی صورت حال کا صحیح تصور نہیں کر پاتے۔ شہری زندگی میں ہم کو جو سہولتیں میسر ہوگئی ہیں، تمدن میں جو تبدیلیاں آگئی ہیں، جس طرح منظم حکومتیں وجود میں آگئی ہیں، یہ چیز پہلے نہیں تھی۔ انسان نے ایک بڑا زمانہ قبائلی تمدن میں گزارا ہے۔ اور عرب میں قبائلی تمدن ہی تھا، وہاں پر کوئی منظم حکومت نہیں تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے بھی نہیں تھی۔ بعض قبیلوں کو ایک نوعیت کا پدر سرانہ اختیار تھا اور قبیلوں کے شیوخ مل کر فیصلہ کر لیا کرتے تھے، لیکن ایسا نہیں تھا کہ جزیرہ نمائے عرب میں کوئی باقاعدہ حکومت تھی، اس کا کوئی سربراہ تھا، اس کی کوئی پولیس یا فوج تھی۔ لوگوں کو اپنے تحفظ کے لیے قبائلی زندگی میں اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہوتا تھا کہ ان کے زیادہ سے زیادہ اولاد ہو۔ جس آدمی کے پندرہ بیس بیٹے نہیں ہوتے تھے، اس کے لیے اس معاشرے میں جینا آسان نہیں ہوتا تھا۔ آدمی بالکل سقیم ہو کر رہ جاتا تھا۔ مختلف موقعوں کے اوپر اپنی، اپنے ناموس کی اور اپنے جان و مال کی حفاظت نہیں کر پاتا تھا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد جو امن کا زمانہ آیا ہے، اس سے پہلے جزیرہ نمائے عرب میں تو یہ ہوتا تھا کہ وہ جو حالی نے کہا ہے کہ ''کبھی پانی پینے پلانے پہ جھگڑا، کبھی گھوڑا آگے دوڑانے پہ جھگڑا''، اُس میں آدمی اپنی حفاظت کے لیے مجبور ہوتا تھا۔ معمولی سی بات پر کئی سالوں پر محیط جنگیں چھڑ جاتی تھیں۔ کوئی پولیس اور کوئی تھانہ نہیں کہ جہاں سے مدد حاصل کی جا سکتی۔ اپنی حفاظت کا خود بندو بست کرنا ہوتا تھا۔ سکیورٹی ایجنسیز نہیں تھیں کہ گارڈ لا کے کھڑے کر دیئے جاتے، آدمی کے بیٹے اور اعزہ و اقربا ہی اس کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے۔ یہ چیز اصل میں عرب میں بے پناہ شادیوں کا باعث بنی۔ اور پھر جب ایک چیز روایت اور رسم بن جائے تو پھر ضرورت کے بغیر بھی عام طور پر یہ بات ہوتی رہی۔ ہر چیز کو اس کے تمدن کے اندر رکھ کر دیکھنا چاہیے۔ ہمارے دین کا مزاج یہ ہے کہ وہ اُن معاملات کو نہیں چھیڑتا جو تمدنی ضروریات سے پیدا ہوتے ہیں، اگر تو ان میں کوئی بڑا مسئلہ ہے تو اس کو چھیڑنا چاہیے، ورنہ وقت کے ساتھ آپ جب عوامل تبدیل کرتے ہیں تو اس کی اصلاح ہو جاتی ہے۔ ہمارے ہاں لوگ یہ کرتے ہیں کہ وہ حال کو ماضی میں داخل کر دیتے ہیں۔ ہمارے ہاں موجودہ صورت حال یہ ہے کہ آدمی کی بڑی غیر معمولی ضرورت ہی کیوں نہ ہو، مثال کے طور پر اولاد ایک بہت بڑی ضرورت ہے، تب بھی ایسا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ذرا کوئی بے اولاد آدمی دوسری شادی کر کے دیکھے، اس کی پگڑی پونجی غائب ہو جائے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں کی روایات ہی یہ بن چکی ہوئی ہیں۔ یعنی عورت کی تربیت اس طرح سے ہوئی ہے کہ وہ اس کو گوارا ہی نہیں کرتی۔ لیکن عرب کے معاشرے میں یہ چیز نہیں تھی۔ عرب عورتیں تو اس بات پر بڑا فخر کرتی تھیں۔ عرب عورتوں کی شاعری پڑھیں تو آپ کو اس کا اندازہ ہوگا۔ وہ تو کہتیں ہیں کہ تمھارا مرد کیا ہے جس نے زندگی میں صرف ایک شادی کی ہے، مجھے دیکھو نو سوکنوں کے ساتھ رہتی ہوں، مرد ہو تو ایسا ہو۔ ہمارے ہاں کی خواتین اس طرح کے جذبات نہیں رکھتیں۔ اس وجہ سے ہر تمدن اور تہذیبی روایت کو اس کے اندر رکھ کر دیکھنا چاہیے۔ اُس موقع کے اوپر اگر اسلام آکر کوئی ایسی اصلاح کر دیتا کہ جس کے نتیجے میں سارا تمدن ہی درہم برہم ہو جاتا تو یہ اصلاح کرنے کا کوئی صحیح طریقہ نہیں ہے۔ اس کی ایک اور مثال دیکھیے اور یہ مثال بڑی عبرت ناک ہے اور تورات میں بڑی تفصیل سے بیان ہوئی ہے۔ قرآن مجید نے بھی اس کا حوالہ دیا ہے اور اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے سیدنا موسیٰ علیہ السلام کے بعد بنی اسرائیل کو توفیق دی اور انھوں نے بالکل ویسا ہی خلافت کا نظام قائم کیا جس طرح کے حضور کے بعد قائم ہوا، کسی ملوکیت یا بادشاہت کی بنیاد پر نہیں۔ یعنی حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ جیسے پیوند لگے کپڑے پہننے والے حضرت موسیٰ کے خلیفہ تھے۔ لیکن زیادہ دن نہیں گزرے کہ بنی اسرائیل نے کہا کہ ہمیں تو بادشاہ چاہیے۔ اس وقت چونکہ نبوت تھی اس لیے اللہ تعالیٰ کے ساتھ نبی کی وساطت سے بات چیت ہو جاتی تھی۔ تو تورات میں اللہ تعالیٰ یہ کہتے ہیں کہ احمقو! دیکھو میں نے تمھیں ایک بادشاہ کی غلامی سے نکالا اور تم پھر اسی طرح کی غلامی اپنے لیے مانگ رہے ہو۔ اگر تم نے بادشاہ بنا لیا تو وہ تمہیں ذلیل کرے گا اور تمہاری بہو بیٹوں کی عزت پامال کرے گا۔ کیا تم یہ چاہتے ہو؟ لیکن وہ اس بات پر بضد رہے کہ ہمیں تو بس بادشاہت چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے جو اصلاح کرنی تھی وہ تو کر دی، اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے اچھی طرح تنبیہ کی اور پھر یہودیوں کی بات مان لی۔ آخر میں یہ کہا کہ ٹھیک ہے میں پھر طالوت کو بادشاہ بنا رہا ہوں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے سموئیل نبی نے طالوت کے سر کا مسح کیا اور ان کو بادشاہ بنایا گیا۔ اس طرح ان کے ہاں بادشاہت قائم ہوئی اور پھر اللہ تعالیٰ نے اس صورت حال کا لحاظ کرتے ہوئے ان کے بادشاہوں میں سے دو بادشاہوں، حضرت داؤد علیہ السلام اور حضرت سلیمان علیہ السلام کو نبوت دی۔ ہمارے ہاں بھی یہی ہوا۔ یعنی خلفائے راشدین نے ایسی حکومت قائم کہ جس کی دنیا میں کوئی نظیر پیش نہیں کی جا سکتی۔ اخلاقی لحاظ سے وہ گویا اعلیٰ تصورات کے مجسم ہوگئے۔ لیکن اس کے بعد کچھ عرصہ گزرا اور ملوکیت قائم ہوگئی۔ کیونکہ دنیا کا ضمیر ابھی اس کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوا تھا۔ اب صورت حال یہ ہے کہ دنیا کا ضمیر اس کو اتنا قبول کرنے کے لیے تیار ہے کہ اس کی خلاف ورزی کرنی مشکل ہو جاتی ہے۔ انسانی تمدن میں یہ جو تبدیلیاں آتی ہیں، ان کے بغیر اس معاملے کی اصلاح نہیں ہو سکتی۔ لہٰذا عربوں کی شادیوں کو آپ ان کے تمدن میں رکھ کر سمجھئے۔
جواب،جاوید احمد غامدی
ترتیب و تہذیب ، شاہد محمود
Counter Question Comment
You can post a counter question on the question above.
You may fill up the form below in English and it will be translated and answered in Urdu.
Title
Detail
Name
Email
Note: Your counter question must be related to the above question/answer.
Do not user this facility to post questions that are irrelevant or unrelated to the content matter of the above question/answer.
Share
|
Copyright
Studying-Islam
© 2003-7 |
Privacy Policy
|
Code of Conduct
|
An Affiliate of
Al-Mawrid Institute of Islamic Sciences ®
Top